ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بدھ کو سدرامیا پیش کریں گے اب تک کا سب سے مقبول عام بجٹ؛ بی جے پی کے پروپگنڈہ کو ناکام کرنے پر ہوگا پورا زور

بدھ کو سدرامیا پیش کریں گے اب تک کا سب سے مقبول عام بجٹ؛ بی جے پی کے پروپگنڈہ کو ناکام کرنے پر ہوگا پورا زور

Tue, 14 Mar 2017 00:17:41    S.O. News Service

بنگلورو۔13؍مارچ(ایس او  نیوز) پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے امسال کے بجٹ کے ذریعہ ریاستی عوام کو بھرپور رجھانے کی پوری تیاری کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا بدھ 15/ مارچ کو  اسمبلی میں اپنا بجٹ پیش کرنے والے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ سدرامیا کی طرف سے پیش ہونے والا یہ ریکارڈ بارھواں بجٹ اپنے حجم اور فلاحی اسکیموں کے اعتبار سے بھی ریکار ڈ ہوگا۔ مالی سال2017-18 کا بجٹ پیش کرنے کیلئے تیاریوں میں پوری طرح مصروف سدرامیا جن کے پاس مالیات کا قلمدان بھی ہے، اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ بجٹ کے ذریعہ عوام کے تمام طبقات کو مطمئن کریں۔

اگلے سال اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے بی جے پی کے پروپگنڈہ کو مات دینے کیلئے نئی فلاحی اسکیموں کی طرف خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ریاست میں سنگین خشک سالی سے بد حال کسان طبقے کی مدد کیلئے سدرامیا کی طرف سے بجٹ میں کئی اہم اعلانات کی توقع کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے محکمۂ مالیات کو پہلے ہی ہدایت دے رکھی ہے کہ کوآپریٹیو اداروں کے ذریعہ کسانوں نے جو بھی قرضہ جات حاصل کئے ہیں ان تمام کو معاف کردیا جائے۔ ایک اندازہ کے مطابق مختلف کوآپریٹیو اداروں کے ذریعہ کسانوں نے دس ہزار کروڑ روپیوں سے زیادہ کا قرضہ حاصل کیا ہے ، اس قرضہ کو وزیر اعلیٰ مع سود معاف کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ تقریباً 14؍لاکھ کسانوں کو اس کا فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس اعلان کے ذریعہ ریاستی حکومت مصیبت زدہ کسانوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہتی ہے۔

بی جے پی پہلے ہی سے ریاستی حکومت پر زور دے رہی ہے کہ وہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرے تو دوسری طرف وزیر اعلیٰ سدرامیا اور ان کے کابینی رفقاء اس بات پر مصر ہیں کہ مرکزی حکومت پہلے قومی بینکوں سے لئے گئے قرضہ جات معاف کرنے کا اعلان کرے ، جس کے بعد ریاستی حکومت کوآپریٹیو اداروں کے قرضہ جات معاف کرے گی، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی چند مقبول عام اسکیموں بشمول انا بھاگیہ ، کشیرابھاگیہ ، شادی بھاگیہ، ودیا استری، دودھ کی تائیدی قیمت میں اضافہ، درج فہرست ذاتوں ، قبائل ، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں سے وابستہ طلبا کو دئے جانے والے مشاہرہ میں اضافہ ، ان طبقات سے وابستہ بزرگ شہریوں کے ماہانہ وظیفہ میں اضافہ ، بیوہ پنشن میں زبردست اضافہ وغیرہ شامل ہیں۔

حکومت کو ان تمام اسکیموں کیلئے مالی وسائل یکجا کرنا بھی بہت بڑا چیلنج ہے، اسی لئے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے چند نئے ٹیکسوں کی شروعات اور اسٹامپ ڈیوٹی ، کمرشیل ٹیکس ، ایکسائز ، موٹر وہیکل ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، رجسٹریشن ٹیکس ، اثاثہ ٹیکس وغیرہ میں بھی اضافہ کا اعلان کیا جاسکتاہے۔ حسب معمول بجٹ میں آبپاشی ، تعلیم، دیہی ترقیات، صنعت، زراعت ، صحت ، بہبودئ خواتین واطفال، شہری رسد وخوراک، اور سماجی بہبود کے شعبوں کی طرف خاص توجہ دی جائے گی۔ ریاستی بجٹ کیلئے مالی وسائل یکجا کرنے کیلئے ٹیکسوں میں اضافہ کے ساتھ مختلف مالیاتی اداروں سے لئے جانے والے قرضہ جات کی حد میں بھی اضافہ کرکے فلاحی اسکیموں پر یہ رقم صرف کرنے کا منصوبہ ہے۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں خاص طور پر اترپردیش میں کانگریس کے غیر اطمینان بخش مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سدرامیا اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ ریاست میں کسی بھی حال میں کانگریس کے ہاتھ سے اقتدار جانے نہ پائے۔ بی جے پی قائدین کی طرف سے جس مودی لہر کا دعویٰ کیاجارہا ہے کرناٹک میں اس لہر کو پنپنے نہ دیا جائے۔اسی مقصد کے تحت مقبول عام بجٹ پیش کرنے کی تیاری زوروں سے جاری ہے۔


Share: